۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
شبیر میثمی

حوزہ/ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے رفح پر غاصب اسرائیل کے حملوں پر شدید غم و غصّے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رفح پر غاصب اسرائیل کے حملے عالمی عدالت انصاف کے حکم کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غاصب اسرائیلی فوج کے عالمی عدالت انصاف کے حکم کے باوجود رفح شہر پر حملے عدالتی احکامات کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رفح میں بے گھر اور نہتے فلسطینیوں پر سفاکانہ کارروائیاں انسانی حقوق کے عالمی اداروں کے منہ پر تماچہ ہیں، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر معصوم بچوں کے ساتھ خون کی ہولی کھیل رہا ہے۔

علامہ شبیر میثمی نے کہا کہ فلسطینی عوام سے سات ماہ سے جاری غیر انسانی سلوک پر عالم اسلام کو واضح، دو ٹوک اور جرأت مندانہ کردار ادا کرنا چاہیئے تھا، جس میں اب تک مسلم ممالک بری طرح ناکام رہے ہیں، اس سے تو غیر مسلم ممالک، عوام اور طلباء ہیں جنہوں نے اسرائیلی سرپرستی کرنے والے ممالک امریکہ، برطانیہ، فرانس اور آسٹریلیا میں غزہ کے مظلومین کی حمایت میں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کر کے انسانی اقدار وروایات کو حیات بخشی ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .